8 روز گزرنے کے باوجود وزیراعظم کے وکیل منی ٹریل ثابت نہیں کر سکے: شیخ رشید
اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آٹھ دن گزرنے کے بعد بھی وزیراعظم نواز شریف کے وکیل منی ٹریل ثابت نہیں کر سکے ۔وزراء کو انصاف ہوتا نظر آ رہا ہے اس لئے وہ پریشان نظرآتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا یہ تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن ہے اگر ہم پوری تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں تو اتنے مہنگے تحفے تو مغل بادشاہوںکے بچوں نے بھی ایک دوسرے کو نہیں دیئے جتنے نوازشریف کو بچوں نے دئیے ہیں۔آٹھ دن گزرنے کے باوجود بھی حکومتی وکیل منی ٹریل کو ثابت نہیں کر سکا ۔ اب یقین ہے کرپشن کا تابوت عدالت سے ہی نکلے گا۔ چند دن پہلے وزراء کہتے تھے کہ سب اچھا ہو گیا لیکن اب انہیں پتہ چل چکا ہے کہ ان کے خلاف فیصلہ آنے والا ہے ۔ وزراء کو انصاف ہوتا دکھائی دے رہا ہے اس لئے وہ عدالتوں کے باہر عدالتوں کو دھمکا رہے ہیں اور ایسی فضا بنائی جا رہی ہے جیسے ان کے خلاف کوئی سازش ہو رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ بڑے آدمی بچ گئے تو انصاف اور جمہوریت کو نقصان ہو گا اور عام آدمی کا انصاف سے یقین ہی اُٹھ جائے گا۔