• news

عمران کی بی ٹیم جھوٹے الزامات لگائے گی تو جواب ضرور دیں گے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات‘ نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگ زیب نے کہا ہے جھوٹے الزامات اور جھوٹے دلائل کے ساتھ عدالت میں کیس نہیں جیتا جاسکتا، ہم میڈیا کے سامنے لگائے گئے جھوٹے الزامات کا جواب دینا ضروری سمجھتے ہیں، خان صاحب! مریم نواز ایک مہذب باپ کی مہذب بیٹی ہیں ہمارے اجلاسوں میں مہذب انداز میں گفتگو ہوتی ہے مخالفین جتنے چاہیں الزامات لگا لیں، نواز شریف نے اپنی تقریر میں غلط بیانی نہیں کی، مسلم لیگ نے اپنے قائدکے راستے پر چلتے ہوئے شائستگی اختیار کررکھی ہے۔ وزیر مملکت نے سپریم کورٹ کے باہر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا نام پانامہ پیپرز میں ہے اور نہ ہی انہوں نے پارلیمنٹ یا کسی بھی خطاب میں غلط بیانی کی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ روز ہماری جانب سے کہا گیا تھا کہ اگر پی ٹی آئی جھوٹ پر مبنی پریس کانفرس سے گریز کرے گی تو ہماری جانب سے بھی ردعمل نہیں دیا جائے گا، اگر پی ٹی آئی گفتگو کرے گی تو اس کا جواب دینا ضروری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران کے طرز عمل سے لگتا ہے کہ ہر طرف طوفان بدتمیزی برپا ہے، پی ٹی آئی نے گزشتہ تین سال میں جو کلچر متعارف کرایا، اسے ہم دیکھ رہے ہیں اور وہ خود بھی بھگت رہے ہیں۔ عدالت کے اندر مسلم لیگ (ن) کے وکیل تمام دلائل اور ثبوت جمع کرا چکے ہیں ۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالت میں جتنی مرضی پٹیشن تبدیل کر لیں پانامہ کیس کا فیصلہ سچ پر آئے گا ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر عمران خان کی بی ٹیم میڈیا پر آکر جھوٹ بولے گی تو اس کا جواب ضرور دیا جائے گا جس طرح سنگین الزامات ہونگے‘ اسی طرح کا جواب دیا جائے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن