• news

ڈی جی رینجرز کی ملاقات‘ دفاع ناقابل تسخیر‘ دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے نئے تعینات ہونے والے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے ذمہ داریاں سنبھالنے پر میجر جنرل اظہر نویدحیات کو مبارکباد دی اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے رینجر ز کے افسروں اورجوانوں کی خدمات لائق تحسین ہیںاورپاکستان کے عوام کوملک کے دفاع اورقیام امن میں مصروف عمل رینجرز کے بہادر افسروں اورجوانوںکی خدمات پر فخر ہے ۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے اوردنیا کی تاریخ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کی کوئی مثال نہیں ملتی۔پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے اتفاق رائے سے کیے گئے فیصلوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں ملی ہیں۔ہم سب نے ملکر وطن عزیزکو امن کا گہوارہ بنانا ہے ۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے سکیورٹی فورسزنے بہترین پیشہ ورانہ انداز میں شاندارکامیابیاں حاصل کی ہیں۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سکولوں میں سمارٹ بورڈ ز(ایل سی ڈیز)کے ذریعے طلبا و طالبات کو تعلیم دینے اور اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال شعبہ تعلیم میں انقلاب آفرین نتائج دے گااوریہی وجہ ہے کہپنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب اور صوبے کے دوردراز اضلاع میں قائم دانش سکولز میں سمارٹ بورڈز کے ذریعے بچوں اوربچیوں کوتعلیم دینے کا سلسلہ 2011ء سے شروع کررکھا ہے ۔ شہباز شریف نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں لاہورمیں امریکہ کے قونصلیٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی حکومت پنجاب کے اشتراک سے بننے والے پہلے لنکن کارنرکا افتتاح کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں لنکن کارنر کا قیام انتہائی خوش آئند اقدام ہے جس سے طلباء و طالبات کو امریکی طلبہ کی سرگرمیاں اور انگریزی زبان سیکھنے کے مواقع میسر ہوں گے- لنکن کارنرسے پاکستانی اور امریکی طلباء و طالبات میں رابطے بڑھیں گے اور ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ لنکن کارنر میں انٹرنیٹ، کتابوں ، میگزین اور ویڈیوز کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے نوجوان فائدہ اٹھائیں گے اور مختلف معلومات تک ان کی رسائی آسان ہو گی اوربلا شبہ لنکن کارنر میں مہیا کی جانے والی جدید سہولتوں کی بدولت نوجوان اپنے آپ کو مزید با اختیار بنائیں گے کیونکہ لنکن کارنر میں متعدد سہولتیں دی گئی ہیں۔پاکستان کے مختلف شہروںمیں ایسے 19 سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جس سے پاکستانی طلباء کو لیپ ٹاپ کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی مل رہی ہے ۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری حقیقی معنوں میں گیم چینجرثابت ہو رہا ہے اور پاکستان میں سی پیک کے مثبت ثمرات آنا شروع ہو چکے ہیں اورعالمی اداروں نے بھی پاکستان کی مستحکم ہوتی ہوئی معیشت کو سراہا ہے۔ عوام کی خوشحالی اورملک کی ترقی کے مخالفین دھرنا گروپ اور اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شفافیت کی پالیسی سے تکلیف ہے اور یہ سیاسی عناصر خائف ہیں کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام کو کھوکھلے نعروں یا تقریروں سے نہیں بہلایا جا سکتا ۔

ای پیپر-دی نیشن