• news

جمہوریت میں فوجی عدالتیں نہیں ہوتیں‘ نوازشریف نے سیاست کو کاروبار بنایا: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت میں فوجی عدالتیں نہیں ہوتیں اور فوجی عدالتیں کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں۔ وقت نیوز کے پروگرام "دی ادر سائیڈ" میں خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا جنرل ضیاء الحق سیاسی انتخابات کروا کر نوازشریف کو لائے۔ نواز شریف نے سیاست کو کاروبار بنایا۔ ان کاکہنا تھا کہ میری سیاست میں آنے کی وجہ یہ تھی کہ سیاسی جماعتوں کو اس وقت کرپشن ختم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ تحریک انصاف کی بنیاد ہی کرپشن کے خلاف رکھی تھی۔ پانامہ کیس کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ پاناما کا معاملہ پارلیمنٹ میں حل ہونا چاہیے تھا ، جب پارلیمنٹ سے ہمیں انصاف نہیں ملا تو ہم سڑکوں پر نکل آئے۔ ملک میں پہلی مرتبہ نواز شریف کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔ یا تو میاں نواز شریف جھوٹ بول رہے ہیں یا انکے بچے۔ انہوں نے کہا کہ ، نواز شریف اتنے غریب ہیں کہ کروڑوں کی صرف گھڑی پہنتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ یہ سارا پیسہ منی لانڈرنگ کے تحت ملک سے باہر گیا ، اعتزاز پاناما کا کیس لڑیں مگر ان کی سیاسی وابستگی پیپلزپارٹی کیساتھ تھی۔ آئندہ انتخابات کے حوالے سے کہا کہ اس بار ہم تیاری کیساتھ الیکشن میں جائیں گے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ نواز شریف کبھی بھی الیکشن جیت نہیں سکتے۔ آئندہ بھی تحریک انصاف خیبر پختونخواہ میں کلین سویپ کرے گی۔ ایک انٹرویو میں عمران نے کہا ہے کہ جو پاکستان انگریز چھوڑ کر گئے وہ آج کے پاکستان سے بہت بہتر تھا‘ کرپشن کی وجہ سے ملک تباہ ہوتا چلا گیا، نوازشریف نے چھانگا مانگا کی سیاست کی، کوئی بھی حکومت کرپشن کے خلاف سنجیدہ نہیں تھی،اعتزاز احسن کو پاناما کیس لڑنے کیلئے زرداری سے این اوسی لینا پڑتا ہے،دھاندلی کے بغیر نوازشریف الیکشن نہیں جیت سکتے،نادر،ا الیکشن کمشن اور پولیس دھاندلی میں ملوث تھے،اس بار (ن) لیگ اور نواز شریف کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے،جس پارٹی سے ہمارا نظریہہ نہیں ملتا اس کے ساتھ اتحاد نہیں ہوسکتا۔دریں اثناء عمران سے بابر اعوان نے بنی گالہ میں ملاقات کی اس موقع پر عمران نے کہا نوازشریف وزیراعظم رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے۔ نوازشریف استعفیٰ دیں گے یا جیل جائیں گے۔ بابر اعوان نے کہا کہ نوازشریف دنیا بھر میں موجود اپنے اثاثے ظاہر کریں۔

ای پیپر-دی نیشن