• news

پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کیلئے زور لگانے والے ناکام رہے: نوازشریف

لندن (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی + عارف چودھری) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈیووس میں بزنس لیڈرز سے ملاقات کا موقع ملا۔ پاکستان ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔ رواں سال ترقی کی شرح 5.5 فیصد سے بڑھ جائے گی۔ 55 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری سی پیک کے منصوبے میں ہورہی ہے۔ ہماری سٹاک مارکیٹ ایشیا میں نمبر ون اور دنیا میں 5ویں نمبر پر ہے، سپورٹ کرنی چاہئے، پاکستان آگے بڑھتا رہے۔ لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اللہ تعالیٰ کے کرم سے ختم ہوگئی ہے۔ ایک سوال پر کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، اس پر بات کرنا مناسب نہیں۔ سیاستدانوں کو ایسی کوشش کرنی چاہئے کہ پاکستان آگے بڑھنے سے نہ رکے۔ سب کو ملک کو آگے بڑھانے میں زور لگانا چاہئے۔ پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بہت کم رہ گیا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔ دورہ ڈیووس انتہائی کامیاب رہا۔ پاکستان کے اقتصادی اعشاریئے مثبت ہیں زبیر گل کے ساتھ زیادتی قابل برداشت نہیں، اس کی مذمت کرتے ہیں، زبیر گل مسلم لیگ ن کا اثاثہ ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم سوئٹزرلینڈ سے لندن پہنچ گئے۔ ان کے گھر کے باہر مسلم لیگ برطانیہ کے صدر زبیر گل نے اپنے دوسرے عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ استقبال کیا۔ نواز شریف زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اندھیروں سے نکال رہے ہیں۔ اب پاکستان پیچھے نہیں دیکھے گا۔ نجی دورے کے دوران وزیراعظم اعلیٰ حکام سے ملاقات بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اپنا طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔نواز شریف نے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں نے ملکی ترقی کو پیچھے کھینچنے کی کوشش کی مگر انہیں کامیابی نصیب نہیں ہوئی، پاناما کیس کا جو بھی فیصلہ آئے گا وہ ملک و ملت کیلئے بہتر ہو گا، پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کوشش نہیں کرنی چاہیے ،سیاست دانوں کو بھی ایسا بالکل نہیں کرنا چاہیے۔ آگے بڑھنے پر سپورٹ کرنا چاہیے ۔نوازشریف نے کہاکہ بہت سے لوگوں نے پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کے لئے زور لگایا مگر انکا کچھ نہیں بنا ، انشاء اللہ پاکستان آگے بڑھتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن