• news

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی بہت قریب ہے: انضمام الحق

لاہور ( سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے کہاہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی بہت قریب ہے، دنیا بھرکے کھلاڑی پاکستان آکر کھیلنا چاہتے ہیں، نئے کھلاڑیوں کو پورا موقع دے کر ہی ان کے مستقبل بارے فیصلہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں تقریب کے دوران کیا نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہاکہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی ہیں اس میں کسی کوشک نہیں ہونا چاہیے، وہ فٹ ہوتے ہی اپنی ذمے داری دوبارہ سنبھال لیں گے۔ قومی ٹیم مسلسل کرکٹ کھیل رہی ہے جس کے باعث کھلاڑیوں کی فٹنس متاثرہوئی جیسے ہی ٹیم کی مصروفیات میںوقفہ آئے گا اس حوالہ سے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ میں ذاتی طور پر روٹیشن پالیسی کے حق میں ہوں بیٹنگ کی نسبت بائولنگ میں روٹیشن زیادہ ضروری ہے تاکہ کھلاڑی ان فٹ ہونے سے محفوظ رہیں۔ فیکا کے پاکستان بارے بیان کے بعد ہی میں نے اس سے رابطہ کیا تھا لیکن انہیں بھی دنیا کے دیگر ممالک کی طرح سکیورٹی خدشات ہیں تاہم پاکستان سپر لیگ کا فائنل پاکستان میں ہونے سے اس تاثرکو دورکرنے میں مدد ملے گی اور ہم ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے مزید قریب پہنچ جائیں گے۔ مصباح الحق کی پاکستا ن کرکٹ کیلئے بڑی خدمات ہیں ابھی تک رابطہ نہیں ہوا جلد مستقبل کے پلان سے میڈیا کو آگاہ کردیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن