• news

شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور بھارت کی شمولیت تاریخی پیشرفت ہوگی: روس

ماسکو (اے این این) روس نے پاکستان اور بھارت کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شمولیت کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ملک جون 2017ء میں تنظیم کے مستقل رکن بننے کا باضابطہ عمل مکمل کرلیں گے ۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لیوروف نے ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کی سیاسی مشاورت کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایس سی او کے منشور کے مطابق قانونی دستاویزات میں شامل قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے نئے رکن تنظیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اوربھارت کی تنظیم میں شمولیت ایک تاریخی اقدام ہے جس سے شنگھائی تعاون تنظیم کی نہ صرف سیاسی و اقتصادی اہمیت بڑھے گی بلکہ سیکورٹی کے حوالے سے بھی اس کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر مشکل صورتحال کے تناظر میں شنگھائی تعاون تنظیم کی رکن ریاستیں مستحکم رہی ہیں، ہم خارجی خطرات سے کامیابی سے نمٹے اور یہ رکن ریاستوں کے درمیان بھرپور تعاون اور فعال سرگرمی کے باعث ممکن ہوا۔ انہوں نے کہاکہ تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن