اوباما کے جانے سے امریکہ کا روس سے نفرت کا کھیل بند ہوتا نظر آ رہا ہے: عبداللہ ہارون
کراچی (آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے آنے اور اوباما کے جانے سے ایشیا کی علاقائی سیاست سمیت دیگر ممالک سے متعلق امریکی پالیسی میں تبدیلی آنا شروع ہو گئی ہے‘ ڈونلڈ ٹرمپ کے آنے سے امریکی پالیسیاں بھی تبدیل ہونگی‘ اوباما کے جانے سے امریکہ کی چین کے بارے پالیسی میں تبدیلی ‘روس سے نفرت کا کھیل بھی بند ہوتا نظر آرہا ہے‘ ایران اور سعودی عرب سے متعلق پالیسی میں بھی تبدیلی محسوس ہو رہی ہے‘ چین کیخلاف امریکہ کے ہندوستان سے جو معاملات تھے اب وہ نہیں رہیں گے‘گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اوباما کے جانے تک امریکہ کی چین سے متعلق جو پالیسی تھی اس میں اب تبدیلی آرہی ہے اور روس کے ساتھ نفرت کا کھیل بھی بند ہوتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہؒ نے ہمارے ساتھ بہت زیادتیاں کی ہیں۔امریکہ کیلئے لڑی جانے والی جنگ میں پاکستان کے 150 سے 200 بلین ڈالر خرچ ہوئے جس کا 7 فیصد امریکہ کو دینا تھا لیکن وہ اس سے بھی گریز کر گئے اور صرف پاکستان کو بدنام کیا۔