• news

حکومت کی جانب سے عافیہ کی واپسی کا موقع ضائع کرنے پر افسوس ہے: فوزیہ صدیقی

کراچی (لیڈی رپورٹر) امریکی قید و بند میں صعوبتیں برداشت کرنے والی پاکستانی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے حکمرانوں کی جانب سے صرف ایک خط نہ لکھ کر ڈاکٹر عافیہ کو واپس لانے کا سنہری موقع ضائع کئے جانے پر پوری پاکستانی قوم کے ہمراہ مجھے بھی دکھ اورافسوس ہے لیکن ہم پہلے سے کہیں زیادہ پرعزم ہیں اور اتوار کو غیرمعمولی اجلاس کے بعد عنقریب لائحہ عمل کااعلان کیا جائیگا۔امریکی جاسوس اور قاتل ریمنڈ ڈیوس کو جلد بازی میں امریکہ بھیج دیا گیااور اب غدارشکیل آفریدی کو امریکہ بھیجنے کیلئے سودے بازی ہورہی ہے۔ عافیہ کی رہائی کی ہماری آواز میں آواز ملانے اور ساتھ دینے پر سیاستدانوں ، کالم نگاروں، رضاکاروںاور انسانی حقوق کے کارکنوں کی مشکور ہوں۔ میاں محمدنواز شریف نے وزارت عظمیٰ کاحلف اٹھانے کے بعد پوری وفاقی کابینہ کے ہمراہ کراچی میں عافیہ کی والدہ سے ملاقات میں عافیہ کی بیٹی مریم سے کہا تھا کہ جس طرح عافیہ کی بیٹی مریم ہے اسی طرح میری بیٹی بھی مریم ہے۔ میں 100 دنوں میں مریم کو اپنی والدہ عافیہ سے ملوائوںگا۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ان تمام سیاستدانوں، سینیٹرز، ارکان اسمبلی، انسانی حقوق ورکرز اور عوام سے اظہار تشکرکیا جنہوں نے اس انتہائی اہم موقع پر بھرپورساتھ دیا اور ہر سطح پر آواز بلند کی۔ انہوں نے خاص طور امیر جماعت اسلامی و سینیٹرز سراج الحق کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے عافیہ کیلئے سینیٹ میں موثر آواز بلند کرکے حکومت کو اس کی قومی اور آئینی ذمہ داری کی طرف توجہ دلائی۔

ای پیپر-دی نیشن