• news

لوٹ مارکا ریکارڈ بنانے والی پارٹی اب کرپشن کیخلاف مہم چلارہی ہے:نثار

اسلام آباد (آن لائن+ صباح نیوز+ آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ لوٹ مار کے ریکارڈ بنانے والی پارٹی آج کرپشن کیخلاف مہم چلا رہی ہے، مجھے مخالفین کی تقریروں سے فرق نہیں پڑتا مگر انکی غلط بیانی اور جھوٹ پر افسوس ہوتا ہے، پوری سیاسی زندگی میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے مجھے یا علاقے والوں کو شرمندگی ہو، پرویز مشرف مجھے اسمبلی میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے مگر عوام نے مجھے بار بار منتخب کیا اور مجھے یہ احسان تازندگی یاد رہے گا۔ چونترا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا سب کے سامنے ہے مسلم لیگ (ن) کے دور میں ترقی کا نیا باب شروع ہوا لیکن چور پھر بھی شور مچا رہے ہیں۔ چونترہ والو آپ کو فخر کرنا چاہیے کہ یہاں کے منتخب ارکان کو کوئی کرپٹ، نااہل اور جاہل کا الزام نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا بھارتی وزیر داخلہ اسلام آباد آئے تو اسے دلائل سے بھگا دیا۔ انہوں نے کہا جب بھی پاکستان اور اسلام کے خلاف آواز اٹھتی ہے اس کے خلاف سب سے بلند آواز چودھری نثار کی ہوتی ہے۔ مخالفین پگڑیاں اچھال رہے ہیں لیکن مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا وہ وقت گیا جب ہر داڑھی والے اور باحجاب خاتون کو دہشت گرد سمجھا جائے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا مغرب کو اسلام مخالف پالیسی سے باہر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا سیاست عمل اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جاتی ہے لفاظی اور الزام تراشی سے نہیں، میرے مخالفین کے پاس الزامات اور بہتان تراشی کے علاوہ کچھ نہیں، جنہوں نے ہوا کے ہر جھونکے کے ساتھ اپنی سیاسی پارٹیاں اور وفادریاں بدلیں میں انکو سیاستدان نہیں سیاسی سوداگر اور مفاد پرست سمجھتا ہوں۔ وزیر داخلہ نے کہا وہی ملک ترقی کرتے ہیں جن کے فیصلے چوک اور چوراہوں میں نہیں بلکہ عدالتوں میں ہوتے ہیں اور جن کے اداروں پر قوم اعتماد کرتی ہے۔کلرسیداں سے نامہ نگار کے مطابق وزیر داخلہ کی تقریب میں موجودگی کے دوران میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے چیئرمین راجہ اورنگ زیب نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ میں نے کبھی فرینڈلی اپوزیشن نہیں کی، میں انسان ہوں خطا کرسکتا ہوں مگر میری کوئی اخلاقی کمزوری نہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کا نام لئے بغیر کہا ماضی میں پانچ برس تک کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے والی جماعت نے آج کرپشن کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے۔ بدلتے موسم میں پارٹیاں بدلنے والے آج انقلاب لانے کے دعویدار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن