عوام کے مقبول لیڈر کو عدالتی فیصلے سے ہٹایا نہیں جاسکتا: رانا ثنا
لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا نے کہا ہے کہ عوام کے مقبول ترین لیڈر کو عدالتی فیصلے ہٹایا نہیں جاسکتا‘ فوجی عدالتیں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بنائی گئی‘ پنجاب حکومت وفاق کی جانب سے فوجی عدالتوں میں توسیع کے فیصلوں کو تسلیم کرتی ہے‘ ’’شیدا‘‘ اور ’’میدا‘‘ اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے میں ناکامی کے بعد اب دوبارہ زندگی میں ایسے احتجاج کا نام نہیں لیں گے‘ پانامہ ہنگامہ حکومت کے خلاف یک نکاتی ایجنڈا بن چکا ہے‘ سپریم کورٹ انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گی‘شہباز شریف کے خلاف ریفرنس عمران خان کی اے ٹی ایم مشینوں کی طرف سے آیا وہ پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایم پی اے رانا ارشد بھی موجود تھے۔ شیدا اور میدا جو کام دھرنے سے نہیں کرسکے اب عدالت کے ذریعے کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن عوام ان کی منفی سیاست کو مسترد کرچکی ہے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو ہفتے تک جاری رہیگا۔ اس میں سول ایڈمنسٹریشن کا بل منظور کیا جائے گا اور پنجاب پرائیویٹ انسٹیٹیوشن کا آرڈیننس، ڈرگ ترمیم اور لینڈ ریکارڈ ترمیم شامل ہیں۔ پاکستان کے عوام وزیراعظم میاں نوازشریف کے ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ ہیں نہ کہ تحریک انصاف کے 2 نومبر کے ایجنڈے کے ۔ ہمیں سپریم کورٹ کی غیر جانبداری پر پختہ یقین ہے۔ امید ہے سپریم کورٹ عوامی امنگوں کے مطابق انصاف کریگی۔ فیصل آباد کبھی پیپلز پارٹی کا قلعہ تھا لیکن اب یہ ہنوذ دہلی دورست کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے 2 نومبر کے اقدام کی ناکامی پر اب وہ اپنی منفی سوچ کو سپریم کورٹ کے ذریعے مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن کورٹ عمران خان اور شیخ رشید کی بڑھکوں سے مرغوب ہونے والی نہیں ۔ انہوںنے کہا پیپلز پارٹی کی ریلی کو وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جگہ جگہ فول پروف سکیورٹی دی گئی تاہم انکے لیڈر ان کی تقاریر سے ہمارا دل دکھا۔پانامہ کا ہنگامہ محض یک نکاتی ایجنڈا پر مبنی ہے اور جس کے تحت کسی بھی طرح عوامی وزیراعظم کو شارٹ کٹ کے ذریعے راستہ سے ہٹایا جائے۔ جمہوریت پر یقین رکھنے والی عوام کبھی بھی اس طرح کے شارٹ کٹس قبول نہیں کرے گی۔ فوجی عدالتوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیںاپنا جوڈیشل سسٹم مضبوط کرنا ہوگا۔ ہمیں فیس لیس کورٹس متعارف کرانا ہوں گی۔ فوجی عدالتوں کا قیام ہنگامی حالات میں ہنگامی اقدام تھا۔