• news

10 مارچ کو ملتان میں جلسے کا اعلان شہر شہر جائونگا بلاول

لاہور (خبر نگار) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں 10 مارچ کو ملتان میں جلسہ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے یہ اعلان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود، سیکرٹری جنرل نتاشہ دولتانہ، سیکرٹری اطلاعات شوکت بسرا، عبدالقادر شاہین سے ہونے والی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر (ق) لیگ کے سینئر نائب صدر، سابق رکن اسمبلی، سابق نائب ضلعی ناظم بہاولپور سید عرفان گردیزی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور بلاول بھٹو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ پیپلز پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی پنجاب میں پہلی کامیاب ریلی کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی میں واپسی اور شمولیت کے خواہاں لیڈروں نے رابطے کرنا شروع کردئیے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کی ہدایت پر مرکزی و صوبائی رہنما بھی پارٹی سے ناراض، پارٹی کو چھوڑ کر جانے اور دیگر اہم شخصیات کی پارٹی میں شمولیت کیلئے کوشاں ہیں۔ شاہ محمود قریشی کے قریبی ساتھی راں برادران کا بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نکل آیا ہوں اور تحریک چل پڑی ہے یہ اب نہیں رکے گی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے شہر شہر گائوں گائوں جائوں گا، جلسے بھی ہوں گے اور ریلیاں بھی نکالیں گے، پنجاب کی محرومیوں کا احساس ہے۔ تخت رائیونڈ نے تمام وسائل لاہور پر لگا دیئے ہیں۔ پانامہ شریف ایسے منصوبے بنا رہے ہیں جن سے عوام کو نہیں انہیں فائدہ ہو رہا ہے۔ جنوبی پنجاب کے کسان، مزدور، مظلوم عوام میرا ساتھ دیں ہم ملکر تخت رائیونڈ کا خاتمہ کریں گے۔ حکومت کیخلاف تحریک چل پڑی ہے اب یہ نتائج کے حصول تک جاری رہے گی۔ وسطی پنجاب کے صدر قمر کائرہ، جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن اور سیکرٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر سمیت دیگر پارٹی رہنمائوںنے بلاول بھٹو سے ملاقات کر کے حکومت کیخلاف لاہور تا فیصل آباد ریلی کے انعقاد اور آئندہ کے پروگراموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر طے پایا حکومت مخالف تحریک کو مرحلہ وار عروج پر لے جایا جائیگا جس کیلئے بلاول بھٹو نے کارکنوں کو فعال کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق وفد سے ملاقات میں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت نے چار مطالبات تسلیم نہ کئے تو حکمرانوں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنا دیں گے، انکی کرپشن کو بے نقاب کرکے مشکلات پیدا کر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن