خیرسگالی ‘افسروں کے رویے سے دلبرداشتہ فوجی بھارت کے حوالے :انڈیا بھی دوستی کا ہاتھ بڑھائے پاکستان
اسلام آباد+ لاہور (آن لائن+ نوائے وقت نیوز) پاکستان نے بھارتی فوجی چندو بابو لال چوہان کو جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارت کے حوالے کر دیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں تعینات تھا جس نے اعلی افسران کے رویے سے دلبرداشتہ ہو کر گزشتہ برس 29 ستمبر کو گلگت بلتستان‘ آزاد کشمیر اور کارگل سے ملحقہ سرحد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) عبور کی اور پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا تاہم اس نے خود کو پاک فوج کے سامنے سرنڈر کر دیا تھا۔ بیان میں بتایا گیا چندو بابو لال چوہان کو انسانی ہمدردی اور جذبہ خیر سگالی کے تحت وطن واپس جانے کے لئے قائل کیا گیا جسے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کنٹرول لائن پر امن کیلئے بھارتی فوجی کو بھارت کے حوالے کر دیا گیا۔ فیصلہ انسانی بنیادوں پر کیا گیا۔ پاکستانی پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے۔آئی این پی کے مطابق بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی فوجی کی حوالگی خوش آئند ہے، بھارت کو بھی دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہئے، بھارت سزا پوری کرنے والے سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کو رہا نہیں کر رہا۔ تعاون کی فضا دونوں اطراف سے قائم ہونی چاہئے۔ پاکستان بھارت سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا مذاکرات کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت سزا پوری کرنے والے سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کو رہا کرے۔