جماعۃ الدعوۃ کا 26 جنوری سے 5 فروری تک عشرۂ کشمیر منانے کا اعلان
لاہور (صباح نیوز) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 26 جنوری سے 5 فروری تک عشرۂ کشمیر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کے حوالے سے 26 جنوری کو اسلام آباد میں بڑی آل پارٹیز کانفرنس جبکہ ضلعی سطح پر جلسوں، کانفرنسوں، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ ملک گیر سطح پر ہونے والے پروگراموں میں تمام مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو شریک کیا جائیگا۔ یہ فیصلے ہفتہ کو مرکز القادسیہ چوبرجی میں ہونے والے اجلاس میں کئے گئے ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، قاری یعقوب شیخ، حافظ عبدالرئوف، انجینئر نوید قمر، ابوالہاشم ربانی، محمد یحییٰ مجاہد، حافظ طلحہ سعید، حافظ خالد ولید و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ 26 جنوری سے لیکر 5 فروری تک طلبائ، اساتذہ، علماء کرام، وکلائ، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ جات کے مختلف ایام میں الگ سے پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائیگا۔ کراچی سے پشاور تک جلسوں اور کانفرنسوں کے علاوہ پورے ملک میں زبردست تشہیری مہم چلائی جائیگی۔ 5 فروری کو ملک کے ہر ضلع اور تحصیل میں جلسے ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہاکہ سال 2017ء کو کشمیر کے نام کرنے کا مقصد دنیا تک مظلوم کشمیریوں کا پیغام پہنچانا اور تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔