کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہئے: سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی
اسلام آباد (صباح نیوز+ آئی این پی) رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا ہے کشمیریوں کو انکی خواہشات کے مطابق حق خود ارادایت ملنا چاہئے۔ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے سعودی عرب اور رابطہ عالم اسلامی انکے ساتھ ہے۔ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی کی طرف سے دئیے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا رابطہ عالم اسلامی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے سلسلے میں خواہشات پوری ہونی چاہیں۔ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا اس وقت پوری امت مسلمہ مسائل اور مشکلات کا شکار ہے۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ایک سازش کے تحت مسلمانوں کو آپس میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ مسلم اُمہ کو متحد ہو کر دنیا میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا درس اعتدال پسندی کا ہے۔ اسلام امن پسندی کا مذہب ہے۔ ہمیں امن کے پیغام کو دنیا میں پہنچانا ہے۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود نے خطاب کرتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ اسلام کا تعلق دہشت گردی یا انتہا پسندی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انتہاپسندی یا دہشت گردی کا مذہب نہیں بلکہ امن کا مذہب ہے۔ بدقسمتی سے دنیا میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے کشمیر،فلسطین کے مسلمانوں کو انکی زمینوں سے بیدخل کر کے قتل کیا جا رہا ہے۔ میانمار کے مسلمانوں کا بھی قتل عام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جابرانہ قبضے کیخلاف جدوجہد جاری ہے۔ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو طاقت کے زور پر کچل رہا ہے۔ کالے قوانین کے ذریعے فوج نہتے اور بے گناہ شہریوں کو شہید کررہی ہے۔ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ ایک متنازعہ خطہ ہے عالمی برادری کو اس خطے کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا۔ کشمیری قیدیوں کی صورتحال کے جائزہ کیلئے ریڈ کراس کی ٹیمیں بھیجی جائیں۔ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبد الرشید ترابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت پاکستان اور کشمیری قیادت مسلسل مسئلہ کشمیرکے پر امن حل کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن نریندر مودی کی حکومت مسئلہ کو سنجیدگی سے حل کرنے کی بجائے ریاستی دہشت گردی میں اضافہ کرتی جا رہی ہے نیز اب تو پاکستان کو سیراب کرنے والے دریائوں کا پانی روکنے کی بھی دھمکی دے رہا ہے۔ ان حالات میں کشمیری رابطہ عالم اسلامی جیسی بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں سے یہ توقع رکھتے ہیں اور یہ مطالبہ کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں وہ بھارتی مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آئی این پی کے مطابق ر ابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل محمد بن کریم العیسیٰ نے کہا ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے گو انڈیا گو بیک۔ بھارت اسرائیلی طرز پر مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریتی آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے۔ کشمیر کے بچے بچے نے فیصلہ کیا ہے وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کرینگے۔سعودی عرب کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت اور تائید کرتا ہے، رابطہ عالم اسلامی کے ساری دنیا میں دفاتر کشمیریوں کیلئے حاضر ہیں ،کشمیری اور سعودی عرب کے عوام بھائی بھائی ہیں۔ مسلمانوں میں اختلاف رائے کا ہونا مسئلہ نہیں لیکن اختلاف رائے کو دشمنی میں بدلنا غیر اسلامی طرز عمل ہے، اہل سعودیہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں، جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ استقبالیہ سے سابق وزیراعظم ازاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، صدر جامعہ بین الاقوامی اسلامیہ یونیورسٹی یوسف الدرویش، حریت رہنما غلام محمد صفی، میر طاہر مسعود، فاروق رحمانی اور دیگر کشمیری رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔