• news

پاکستان، امریکہ سٹریٹجک پارٹنر، ٹرمپ سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں: سرتاج عزیز

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدہ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت اور پاکستانی عوام امریکہ میں کامیاب انتقال اقتدار کا خیرمقدم کرنے کا خواہشمند ہیں۔ پاکستان اور امریکہ انسداد دہشت گردی، سکیورٹی، تجارت، اور توانائی کے امور میں قریبی پارٹنر ہیں۔ پاک امریکہ دفاعی، سٹرٹیجک امور پر تعاون کی طویل تاریخ کے ساتھ قریبی پارٹنر ہیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو نئی اور بلند تر سطح پر لے جانے کا خواہشمند ہے۔ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ علاوہ ازیں ایک تقریب میں سرتاج عزیز نے کہا ہے نائن الیون کے بعد دنیا اسلامی اور غیراسلامی طبقات میں تقسیم ہوگئی اور مغربی میڈیا نے اسلام کے امن کے درس کو منفی طریقے سے پیش کیا۔ بیرسٹر ظفر اللہ کی تصنیف سے اسلام کے متعلق پھیلائے جانے والے منفی تاثر ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیںامریکہ میں نئے صدر کی آمد پر عالمی رہنمائوں نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ روس کے وزیراعظم دمتری میدوی دوف نے کہا کہ ان کا ملک امریکہ سے تعلقات بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے تیار ہے۔ جرمنی کے وائس چانسلر سگر گیبریل نے ایک انٹرویو میں کہا جرمنی اور یورپ کو مشکل وقت کیلئے تیار اور اپنے مفادات کا تحفظ کرنا چاہئیے۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جانسن نے پیغام میں کہا کہ ان کا ملک امریکہ سے تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ میکیسیکو کے صدر ایزیک پینا نیٹو نے کہا کہ وہ مشترکہ ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے امریکہ کے ساتھ تعلقات مضبوط بنائیں گے۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹرودو نے امریکہ کے پینتالیس ویں صدر بننے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی۔ نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکہ اور بھارت کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے وہ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں اور جانتے ہیں کہ مکمل تعاون کے نتائج کیا ہوں گے۔ٹرمپ کے کابل میں ویڈیو لنک پر فوجیوں سے خطاب پر افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے امید کا اظہار کیا امریکہ افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ امداد اکٹھی کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ انہیں حکومت‘ عوام اور میری طرف سے مبارکباد ہو۔ ٹرمپ نے کہا تھا میں آپ تمام لوگوں کے ساتھ ہوں۔ عبداللہ نے کہا ٹرمپ نے فوجیوں کو سپورٹ کا اعلان کیا جو اچھا اقدام ہے۔ آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے وفاقی حکومت سماجی اور معاشی ترقی کیلئے حکومت آزاد کشمیر سے مکمل تعاون کرے گی۔ گزشتہ روز وزیراعظم آزاد کشمیر نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیر خزانہ کو آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ترجیحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا آزاد کشمیر کو بھی صوبوں کی طرح غیرملکی فنڈنگ کے تحت تعمیر کئے جانے والے منصوبوں میں شامل کیا جائے۔
اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن+ صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کاخواہا ں ہے۔ گذشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقا ت کی میں میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص تجارتی اور معاشی تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر پر زور دیا وہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے سرمایہ کاری کیلئے حو صلہ افزائی کریں۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کو اپنا ایک اہم پارٹنر سمجھتا ہے۔ آن لائن کے مطابق اسحاق ڈار نے امید کا اظہار کیا کہ نئی انتظامیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کو بڑھانے کے بے شمار مواقع ہیں پاکستان نے مائیکرو اکنامک استحکام حاصل کرلیا ہے، حکومت اب معاشی ترقی اور گروتھ کو بڑھنے پر توجہ دیئے ہوئے ہے۔ وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن