• news

کراچی: 3 ماہ کا بچہ پراسرار طور پر جاں بحق، موت پولیو ویکسین پلانے سے ہوئی: دادا، الزام غلط ہے میڈیا غلط فہمیاں نہ پھیلائے: آصفہ بھٹو زرداری

کراچی (نیٹ نیوز) کراچی میں 5 ماہ کا بچہ پراسرار طور پر جاں بحق ہو گیا۔ بچے کے دادا نے الزام لگایا کہ پولیو ویکسین پلانے سے بچے کی حالت بگڑی۔ کورنگی 100 کوارٹر کا تین ماہ کا احمد رضا مبینہ طور پر پولیو ویکسین پینے سے جاں بحق ہو گیا۔ بچے کو اسکے گھر والے جناح ہسپتال مردہ حالت میں لیکر پہنچے۔ بچے کے دادا نے کہا کہ صبح کے وقت پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے بعد احمد کی طبیعت بگڑ گئی۔ منہ سے جھاگ نکلنے کے باعث اسے قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے بچے کو مردہ قرار دیدیا۔ ورثاء نے مرنے والے بچے کا یہ کہہ کر پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا کہ اسکی عمر انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے اس کا پوسٹ مارٹم کرانا مناسب نہیں اور وہ نعش گھر لے گئے۔ دوسری جانب سندھ انسداد پولیو پروگرام کے حکام اور قائم ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ذمہ داران نے بچے کی انسداد پولیو ویکسین کے باعث موت کی تردید کر دی۔ ترجمان کے مطابق آج تک کوئی بھی بچہ انسداد پولیو ویکسین پینے سے جاں بحق نہیں ہوا۔ دریں اثناء پاکستان میں انسداد پولیو کی خیرسگالی کی سفیر آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ کورنگی میں بچے کی موت افسوسناک ہے مگر اس میں پولیو ویکسین کا کوئی کردار نہیں۔ میڈیا کو غلط فہمیاں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن