• news

دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے افغانستان سے بامقصد مذاکرات چاہتے ہیں: سرتاج عزیز

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے افغانستان سے بامقصد بات چیت چاہتا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز دفتر خارجہ میں افغانستان کیلئے یورپین یونین کے خصوصی نمائندے فرانز مائیکل ملبین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سرتاج عزیز نے انسداد دہشت گردی اور ملک میں اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کی حالیہ کامیابیوں کے بارے میں یورپین یونین کے نمائندے کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ فرانز مائیکل ملبین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی برادری افغانستان میں امن، تعمیر نو اور ترقی کیلئے اعانت جاری رکھے گی جس کا اظہار برسلز کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا۔ پاکستان اور یورپین یونین نے افغانستان میں افغانوں کی قیادت میں امن کے عمل کیلئے دیرپا کوششوں پر اتفاق کیا۔

ای پیپر-دی نیشن