• news

بلوچستان میں بارش، حادثات، خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق، 10 زخمی

چمن/ کوئٹہ/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) بلوچستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز بارش ہوئی جس کے دوران حادثات میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ چمن میں بارش اور برف باری کے بعد بوغرہ ندی میں طغیانی آگئی۔ ایک کار سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ قلات میں دیوار گرنے سے ایک شخص دم توڑ گیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں گزشتہ روز بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ آزاد کشمیر، گلگت، بلتستان کے پہاڑوں پر بھی دوبارہ برف پڑنے لگی جبکہ وادی ہنزہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل اور پرسوں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بارش اور ہلکی برف باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے موسلا دھار بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آج سے بدھ کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش جبکہ کوئٹہ ، ژوب اور قلات ڈویژن کے پہاڑوں پر مزید برف باری ہو گی۔ ادھر استور کے میدانی اوربالائی علاقوں میں برف باری کے بعد واٹرچینل پربرف کی تہیں جم گئی اور لوگوں کوپانی کے حصول میں مشکلات کاسامناہے۔ دیامر اور غذر میں برف سے بعض بالائی علاقوں کازمینی رابطہ منقطع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا فعال سلسلہ بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے۔ پیر سے بدھ کے دوران خیبرپی کے کے اکثر مقامات پر بارش ہو گی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گئی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک خاتون جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ دیگر حادثات میں بھی 3 افراد دم توڑ گئے جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مری میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ وادی ہنزہ میں پہلی برفباری ہوئی۔ بارش اور برفباری سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ کوئٹہ میں بارش سے سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں اور پانی گھروں میں د اخل ہوگیا۔ کئی کچے مکانات منہدم ہوگئے۔ صوبائی حکومت نے شہریوں کو غیرضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ چمن و گرد و نواح میں بجلی کی فراہمی گزشتہ رات سے بند ہے۔ متعدد علاقے تاریکی میں ڈوبنے سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا رہا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں راشن،کمبل اور خیمے بھجوا رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں آج بارش کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن