ہمارا سپاہی دنیا کا بہترین فوجی، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں نے آہنی دیوار بنا دیا: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ آئی این پی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں نے پاک فوج کو آہنی دیوار بنا دیا ہے جو اسکی آپریشنل تیاری کے سلسلے میں انتہائی اہم اضافہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ملتان گیریژن کے دورے کے موقع پر جوانوں اور افسران سے خطاب میں کیا۔ جنرل باجوہ نے فاٹا اور خیبر پی کے میں انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملتان کور کے فوجیوں کی شرکت کو سراہا۔انہوں نے فوجیوں کو خود کو روایتی جنگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تیار رکھنے پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سپاہی دنیا کے بہترین سپاہی ہیں۔ دنیا کی بہترین فوج کا سربراہ ہونے پر انہیں فخر ہے۔اس سے پہلے بری فوج کے سربراہ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کیلئے فاتحہ پڑھی۔ان کی آمد پر ملتان کے کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار نے فوج کی آپریشنل تیاری اور انتظام کے بارے میں انہیں بریفنگ دی۔ دریں اثناء آرمی چیف ملتان کور کے جوانوں میں گھل مل گئے۔ آئی این پی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاک فوج دنیا کی بہترین، بہادر اور پروفیشنل فوج ہے، روایتی جنگ کے چیلنجز کا سامنا قابل تعریف ہے، پاک فوج کے جوان دنیا کی تمام افواج میں سے بہترین جوان ہیں ،دہشت گردی کیخلاف آپریشنز کے تجربات نے ہمیں سخت بنا دیا ہے یہ صلاحیت ہماری آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ کرتی ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سٹرائیک کور ملتان گیرژن کا دورہ کیا ۔کورکمانڈر ملتان نے آپریشنل اور انتظامی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے خیبرپی کے اور فاٹا میں آپریشنز میں حصہ لینے والی ملتان کور کو سراہا۔آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج کا دنیا کی بہترین افوج میں شمار ہوتا ہے،جوانوں کی روایتی جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری قابل ستائش ہے۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی وہ خود کو مکمل طور پر تربیت یافتہ بنائیں تاکہ ہرقسم کے خطرات کو شکست دی جاسکے۔ فوجی جوان آرمی چیف کے ساتھ گھل مل گئے اور انکے ساتھ کھل کر بات چیت کی اورفخریہ انداز میں ملک وقوم کی بے لوث خدمت کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔