اسلام آباد کو شکست‘ کراچی وائٹس کی ٹیم قومی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قومی ون ڈے ریجنل ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں کراچی ریجن وائٹس نے اسلام آباد ریجن کو 70 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں کراچی وائٹس نے شاہ زیب حسن کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 375 رنز سکور کیے۔ شاہ زیب حسن نے 171 رنز سکور کیے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سعد علی نے 61، اکبر الرحمان نے 58 اور انور علی نے 45 رنز سکور کیے۔ اسلام آباد کی جانب سے شہزاد اعظم نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 376 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد ریجن کی پوری ٹیم 305 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ شان مسعود کی سنچری کسی کام نہ آئی انہوں نے 136، عابد علی نے 59 نمایاں رنز سکور کیے۔ کراچی وائٹس کی طرف سے انور علی نے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔