• news

پی ایس ایل میں 10 متبادل غیرملکی کھلاڑی شامل‘ امپائرنگ پینل کا بھی اعلان

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے لیے لاہور قلندر، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈایٹر کے اعلان کردہ بعض کھلاڑیوں کی انجریز، بین الاقوامی مصروفیات اور پابندی کی وجہ سے نئے کھلاڑیوں کو نئی ڈرافٹنگ کے بعد تینوں ٹیموں کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ حیران کن طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈرافٹنگ کو عمل کو میڈیا سے چھپائے رکھا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والی ڈرافٹنگ کی تقریب میں پانچ میں سے چار فرنچائزر کی ٹیم مینجمنٹ کے نمائندے وہاں موجود تھے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے آندرے رسل کو ڈوپنگ میں ملوث ہونے کے باوجود اپنے سکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔ تاہم حتمی فیصلے کے بعد اگر ان پر پابندی برقرار رہی تو اسلام آباد یونائٹیڈ اپنا متبادل کھلاڑی مانگنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ لاہور قلندر اور پشاور زلمی نے اپنے سکواڈ میں تین تین جبکہ کوئٹہ کلیڈیٹر نے اپنے سکواڈ میں چار تبدیلیاں کی ہیں۔ پشاور زلمی نے ایک تبدیلی کے لیے 24 گھنٹے کا وقت مانگ لیا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والی ڈرافٹنگ میں لاہور قلندر نے ویسٹ انڈیز کے ڈیوائن براوو، آسٹریلیا کے شان ٹیٹ اور نیوزی لینڈ کے انٹون ڈیوچ کی جگہ انگلینڈ کے جیسن رائے، آسٹریلیا کے کرس گرین اور نیوزی لینڈ کے جیمز فرینکلن کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پشاور زلمی میں بھی تین تبدیلیاں کی گئیں جن میں انگلینڈ کے ایلکس ہیلز، افغانستان کے محمد شہزاد اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کی جگہ ویسٹ انڈیز کے مارلن سیمولز اور آندرے فلیچز اور سری لنکا کے تلک رتنے دلشن کو شامل کیا گیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈیٹر نے اپنے سکواڈ میں چار تبدیلیاں کی ہیں جن میں ویسٹ انڈیز کے کارلوس برتھویٹ، رومان پاول، انگلینڈ کے ڈیوڈ ویلی اور افغانستان کے محمد نبی کی جگہ جنوبی افریقہ کے ریلی روززو، سوی لنکا کے تاشارا پریرا، نیوزی لینڈ کے ناتھن میلکولم اور انگلینڈ کے معین علی کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے لیے اعلان کردہ پانچ ٹیموں میں شامل غیر ملکی بعض کھلاڑیوں کی اپنی نیشنل ڈیوٹی، بعض کھلاڑیوں کی انجریز اور ایک کھلاڑی پر ڈوپنگ کی وجہ سے عائد پابندی کے باعث پی ایس ایل انتظامیہ کو متبادل غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے لیے ڈرافٹنگ کرائی گئی۔ پاکستان سپر لیگ میں انگلش اور سری لنکن امپائرز شامل ہوں گے، نجی ٹی وی کے مطابق انگلینڈ کے اے النگورتھ پی ایس ایل کے امپائرنگ پینل میں شامل ہیں اے النگورتھ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہیں اس کے علاوہ سری لنکا کے اینمور مارٹینز بھی پی ایس ایل میںامپائرنگ کریں گے، اینمو مارٹیز بھی آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل کے امپائر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن