• news

تاجروں کے تحفظات دور کرنے کیلئے آڈٹ پالیسی میں ابہام ختم کرنے کا مطالبہ

لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو تاجروں کے تحفظات دور کرنے کے لیے آڈٹ پالیسی 2016ءمیں ابہامات فوری طور پر دور کرے۔ یہ بات لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس، ٹیکسیشن اینڈ سیلز ٹیکس کے کنوینر نویر احمد صوفی نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں قاری حبیب الرحمن زبیری، ذیشان خلیل، مصطفیٰ اشرف، اکرم ملک، شیخ خرم عباس، رانا عاصم بشیر، عبدالوحید اور ایم احتشام موجود تھے۔ اجلاس میں بجٹ تجاویز، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس رجسٹریشن، لاہور چیمبر میں ہیلپ ڈسک کے قیام اور ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام سمیت دیگر موضوعات زیر بحث آئے۔ ناصر حمید خان نے کہا کہ پالیسی معاملات پر مشاورت کا فقدان حکومت اور تاجروں کے درمیان عدم اعتماد کا باعث بن رہا ہے لہذا اس طرف توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی اصلاحات متعارف کرواکر زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آمدن بڑھانے کے لیے بلاوجہ جرمانوں جیسے اقدامات سے گریز کیا جائے۔ سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر برائے فنانس ،ٹیکسیشن اینڈ سیلز ٹیکس تنویر احمد صوفی نے تجویز پیش کی کہ جن تنخواہ دار لوگو ں کا اور کوئی ذریعہ آمدن نہیں انہیں آڈٹ سے استثنیٰ دیا جائے کیونکہ ا±ن کا آجر پہلے ہی ان کا ٹیکس ادا کررہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن