اپریل تک اوکاڑہ، رواں برس ننکانہ، ساہیوال ریلوے سٹیشن کی تعمیر مکمل ہوجائیگی: وزیر ریلوے
لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی ہے اپریل تک اوکاڑہ اور اس برس کے آخر تک ننکانہ اور ساہیوال کے ریلوے سٹیشنوں کی تعمیر مکمل کر لی جائے انہوں نے نارووال، حسن ابدال، بہاولپور اور رائے ونڈکے ریلوے سٹیشنوں کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا تعمیر کے معیار اور تکمیل کی مدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ ریلوے ہیڈکوارٹرزآفس لاہور میں مختلف ریلوے سٹیشنوں کی تعمیرکے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کتے ہوئے انہوں نے خانیوال ریلوے سٹیشن کی تعمیرنو کی منظوری بھی دی۔ وزیر ریلویز کو بتایا گیا ساہیوال اور ننکانہ صاحب میں تعمیر کا کام سست روی کا شکار ہے جس پر انہوں نے عدم اطمینان کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا سٹیٹ آف دی آرٹ ریلوے سٹیشن بنائے جائیں جہاں مسافروں کی سہولت کے ساتھ خوبصورتی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا ریلوے کے ساتھ ایسے کنٹریکٹر نہیںچل سکیں گے جو کام کے معیار اور تکمیل کے حوالے سے اپنے وعدے پورے نہیں کریں گے۔