شیخ رشید لال حویلی سے ملحقہ پراپرٹی خالی کر دیں یا واجبات دیں: صدیق الفاروق
لاہور(خصوصی نامہ نگار) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ شیخ رشید لال حویلی سے ملحقہ پراپرٹی خالی کریں یا محکمہ کے واجبات ادا کریں ورنہ قبضہ واگزار کرانے کے لئے گرینڈ آپریشن کریں گے، متروکہ وقف بورڈ راولپنڈی کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ قبضہ نہ چھوڑنے پر ان کے خلاف کارروائی کرے، ننکانہ صاحب میں غیر قانونی قابضین کے خلاف جلد گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، وزیراعظم کے کٹاس راج مندر کے دورہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا اقلیت دوست ملک کے طور پر نام روشن ہوا، بورڈ کے 308ویں اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ میں صدیق الفاروق نے کہا کہ کسی کو بھی ٹرسٹ بورڈ کی زمین پر قبضہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یونیورسٹیوں کے قیام اور ننکانہ ٹائون پلاننگ کے لیے ہمیں مرکزی و صوبائی حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کو پراپرٹی دینے کے لیے کرایہ اور واجبات طے کیے جائیں گے جبکہ ڈی جی نیب پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں سابق چیئرمین کے خلاف ہمارے ثبوتوں کی روشنی میں اب تک کی کارروائی کے بارے میں پوچھا ہے۔