• news

سادھوکے، گڑھ مہاراجہ، کوئٹہ:ٹریفک حادثات 2 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق، 14 زخمی

سادھوکے، فیرزوالہ، گڑھ مہاراجہ، کوئٹہ (نامہ نگاران+ آئی این پی) ٹریفک حادثات میں 2 خواتین سمیت 10 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ سادھوکے میں مکلاوہ لیکر واپس جاتے کار حادثہ میں دلہن کی بہن جاں بحق جبکہ دلہا، دو سالیوں اور ساس سمیت پانچ شدید زخمی ہوگئے۔ دو روز قبل سمبڑیال کے رانا ندیم کی ملتان میں شادی کے بعد گذشتہ روز اسکے سسرال والے دلہا اور دلہن سمیت دو گاڑیوں میں واپس ملتان جا رہے تھے کہ سادھوکے بائونڈری سے آگے دلہا کی گاڑی تیزرفتار ٹرالر سے ٹکرانے کے باعث الٹنے سے دلہن کی بہن 14 سالہ عائشہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دلہن مہک، اسکی 22 سالہ بہن انعم، والدہ نسرین اور بھائی علی اور دلہا ندیم شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں مریدکے، لاہور اور گوجرانوالہ ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ علاوہ ازیں گڑھ مہاراجہ میں دو مختلف حادثات میں ہیڈ مسٹریس سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ باہو پل پر موٹر سائیکل اور گدھا ریڑھی میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجہ میں مرکز گڑھ مہاراجہ کے سکول محمود والا کی ہیڈ مسٹریس عابدہ بی بی موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ اسکا خاوند ریاض شدید زخمی ہو گیا جبکہ نواحی علاقہ کشمیر کالونی کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل بیل گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں دو دوست محمد عامر اور مزمل موقع جاں بحق ہوگئے جبکہ قلات سے خضدار جانے والی مسافر کوچ اور پک اپ کے تصادم میں 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں اور نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن