سیالکوٹ: گھر میں آگ لگنے سے ماں 2 بچوں سمیت زندہ جل گئی
سیالکوٹ(نامہ نگار) ایک گھر میں آگ لگنے سے ماں اور اسکے دو کمسن بچے زندہ جل گئے۔ نواحی گاؤں کوبے چک میں پرائمری سکول کے قریب ملک قیوم جو کہ روزگار کے سلسلہ میں بیرون ملک مقیم ہے، کے گھر میں اسکی بیوی 30 سالہ سلیمہ بی بی اپنے دو بچوں 2 سالہ سفیان اور 3ماہ کے ذیشان کے ساتھ چارپائی پر سو رہی تھی کہ اچانک آگ لگنے کی وجہ سے ماں اور دونوں بچے جل کر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کا عملہ پہنچا لیکن آگ بجھ چکی تھی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی اور صرف اس چارپائی کو لگی جس پرسلیمہ بی بی اور اسکے دو بچے لیٹے ہوئے تھے ۔ عینی شاہدین کو کہنا ہے کہ کمرہ میں پڑا ہوا بیڈ ، الماری اور دیگر چیزیں آگ سے محفوظ رہیں ۔ ایس ایچ او تھانہ کوٹلی سید امیرصفدر عطا بھٹی کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی تاہم پولیس واقعہ کی تفتیش کررہی ہے۔