مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے تیسرے فریق کی مداخلت ضروری ہے: ظہیر الاسلام
اسلام آباد (این این آئی) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظہیر الاسلام نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل پر راضی کرنے کیلئے تیسرے فریق کی مداخلت کی ضرورت ہے، خطے میں تنازعات اس وقت حل ہوسکتے ہیں جب چین اور امریکہ کی طرح بڑی طاقتیں بیٹھ کر حقیقت پر مبنی مسائل کے حل کیلئے کوششیں کریں ٗ اگر ایک ادارہ کمزور ہو تو دوسروں کیلئے پھر کردار ادا کرنے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں ٗ خارجہ پالیسی میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں ہورہا، مستقل وزیر خارجہ مقرر کیا جانا چاہئے۔ سنٹر فار ڈویلپمنٹ اسلام آباد نامی نوجوانوں کے تحقیقی ادارے سے خصوصی انٹرویو کے دوران افغانستان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانوں کو پناہ دی اور دیگر وسائل فراہم کئے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ افغانستان پاکستان کی ان سہولتوںکے بغیر نہیں رہ سکتا، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان سے متعلق غلط تاثر کا ذمہ دار پاکستان ہے، ظہیر الاسلام نے کہا کہ افغانستان پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے لیکن ہمیں مزید سرگرم ہونا پڑیگا۔