عمران خان پانامہ کیس میں ججز پر دبائو ڈال رہے ہیں، مخالفین کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے: ایاز صادق
لاہور (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران پانامہ لیکس کے معاملے میں ججز پر دبائو ڈال رہے ہیں، بہتر ہے کہ سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنے دیا جائے، ملک میں 2013ء سے گالی گلوچ کی سیاست ہو رہی ہے، ہمیں رویوں میں تبدیلی لانی چاہئے۔ بلاول کی پنجاب کو پیپلزپارٹی کا گڑھ بنانے کی باتیں سیاسی بیان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی حلقے میں سیوریج سسٹم اور واٹر سپلائی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ کا احترام کرنا چاہئے۔ جو معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہو اس پر زیادہ بات نہیںکرنی چاہئے۔ مخالفین کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔