• news

دشمن کی بلوچستان کے ذریعہ جنگ لڑنے کی خواہش ناکام ہو گی: چودھری نثار

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دشمن اس وقت اپنی آخری جنگ بلوچستان کی سرزمین کو استعمال کرکے لڑنا چاہتا ہے، اسے پہلے بھی ناکامی ہوئی تھی اور اب بھی ناکامی ہوگی، بلوچستان کو پاکستان مخالف قوتوں سے پاک کرنے کے ساتھ صوبے کے عوام کے دل و دماغ جیتنے کی ذمہ داری بھی ایف سی پر ہے۔ گزشتہ روز یہاں وزیر داخلہ چودھری نثار سے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم نے ملاقات کی اور تعیناتی پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دور ان صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور ایف سی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہاکہ ایف سی نے بلوچستان میں ریاست کی رٹ کی بحالی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوںنے کہا پچھلے چند مہینوں میں اس حوالے سے ایف سی نے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل اطمینان ہیں مگر ان کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے اور صرف سی پیک ہی نہیں پورے بلوچستان کو پر امن بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا تشدد کا راستہ ترک کرکے قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے کا عمل خوش آئند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن