پاک ترک فوجی مشاورتی اجلاس، دفاعی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، جنرل امت
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان ترکی کے مابین عسکری مذاکراتی گروپ کا 12 واں اعلیٰ سطحی اجلاس دو روزہ اجلاس کا پہلا دورہ گزشتہ روز وزارت دفاع میں منعقد ہوا، پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ اور ترک وفد کی قیادت نائب چیف آف جنرل سٹاف جنرل امت دندار نے کی، جنرل امت دندار نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر دفاع نے کہا کہ ترکی نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ترکی کے ساتھ دفاع سمیت ہر شعبے میں اشتراک کو مضبوط بنایا جائے گا، ترک صدر طیب اردوان کا جمہوری دور ترک ترقی کا آئینہ دار ہے۔ ترک جنرل نے کہا کہ پاکستان کے دفاع سمیت تمام شعبوں میں روابط پر فخر ہے۔ دفاعی صنعت، فوجی تربیت، افواج کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، ترک نیوی امن 17 مشقوں میں حصہ لے گی۔