• news

جنوبی پنجاب میں صاف پانی کیلئے کم لاگت منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور (سید عدنان فاروق) پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے سینکڑوں دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے کم لاگت کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں افراد کو پینے کا صاف پانی میسر ہو گا۔ پنجاب صاف پانی کمپنی ہنگامی بنیادوں پر آئندہ ایک ماہ میں جنوبی پنجاب کے دیہات میں ایک سو 25ارب روپے کی لاگت سے پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کا آغا ز کرے گی، جبکہ صاف پانی کمپنی محکمہ پبلک ہیلتھ انجیئرنگ کے پانی سے متعلق بند منصوبوں کو بھی ازسر نو شروع کرے گی۔ صاف پانی کمپنی نے ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز کے دس اضلاع کی37 تحصیلوں میں دس لاکھ سے زائد شہریوں کے لئے پینے کے صاف پانی کے منصوبے پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے، منصوبے کے تحت ان دیہات کو فوقیت دی جائے گی جن دیہات کے مرکز میں دس مرلہ اراضی ہو اور اس کا مالک رضا کارانہ طور پر منصوبے کے لئے مذکورہ زمین حکومت پنجاب کے نام منتقل کرنے پر راضی ہو، صاف پانی کمپنی کے ان منصوبوں کی لاگت کم رکھنے کے لئے سولر کی بجائے نیشنل گرڈ سے بجلی کا حصول یقینی بنایا جائے گا، اس سے اربوں روپے کی بچت ہوگی، کمپنی منصوبوں کے فوائد سے آگاہی اور اس سے استعمال کے لئے ان اضلاع و دیہات میں آگاہی مہم بھی چلائے گی، یاد رہے کہ جنوبی پنجاب حاصل پور، لودھراں، خانپور ، دنیا پور منچن آباد و دیگر مقامات پر 80پلانٹ اڑھائی لاکھ کے لگ بھگ شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائے ہوئے ہیں جبکہ 36پر کام جاری ہے جن سے ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ افراد مستفید ہو نگے۔ صاف پانی کمپنی محکمہ پبلک ہیلتھ انجیئرنگ کے پانی سے متعلق نامکمل اور بند منصوبوں کو بھی ازسر نو شروع کیا جائے گا۔ ساڑھے چھ لاکھ کے قریب پانی کی سکیموں کو بھی چالو کرنے پر کام کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن