گوجرانوالہ، قصور: پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان گھریلو ناچاقی پر خاتون کی خودکشی
گوجرانوالہ/ قصور (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان نے خودکشی کر لی۔ گھریلو ناچاقی پر خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی ختم کر لی۔ تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ میں سیالکوٹ روڈ کے رہائشی 18 سالہ عثمان کا اپنے ورثاء کے ساتھ گھریلو تنازعہ پر جھگڑا ہو گیا جس سے دلبرداشتہ نوجوان نے گلے میں پھندا لیکر خودکشی کر لی۔ اروپ پو لیس نے نعش کو ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ عثمان پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا مگر ورثا اسکے فیصلہ کیخلاف تھے، اسی بات پر عثمان کا اپنے گھر والوں کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔ قصور میں مصطفی آباد کی رہائشی صائمہ بی بی کا اپنے شوہر کے ساتھ نامعلوم وجہ پر جھگڑا ہو گیا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔