تنقید ذرائع ابلاغ کا حق ہے، اسے معیاری اور بے لاگ ہونا چاہئے: صدر ممنون
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آزادیٔ صحافت کی قدر کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ اخبارات عوام کو مبنی برحقائق خبریں پہنچائیں، ملک میں ذرائع ابلاغ کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے پریس کونسل کا کردار نہایت اہم ہے، اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی مقاصد کی تکمیل اور رائے عامہ کو حقائق سے باخبر رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ یہ بات انہوں نے ڈاکٹر صلاح الدین مینگل کی سربراہی میں پریس کونسل آف پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر ممنون نے کہا کہ پریس کو معاشرے کی بیداری اور بدعنوانی کے خلاف رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی صرف مالی ہی نہیں ہوتی بلکہ اخلاقی بھی ہوتی ہے، اگر لوگ اپنی ذمہ داریا ں بطریق احسن ادا نہ کریں تو یہ بھی بدعنوانی کے زمرے میں آتا ہے اور ہر ادارے کا سربراہ اپنے ادارے کی کارکردگی کا ذمہ دار ہے۔ تنقید ذرائع ابلاغ کا حق ہے لیکن اسے معیاری اور بے لاگ ہونا چاہئے۔ انہوں نے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی وہ پریس کونسل کو دفاتر مہیا کرے۔