گندم ایکسپورٹ کی مد میں ریبیٹ کے پیسوں کی عدم ادائیگی پر برآمد کنندگان کو مشکلات
لاہور ( کامرس رپورٹر ) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ جون2016 سے اب تک ہونے والی ایکسپورٹ کی مد میں ریبیٹ کے پیسے سٹیٹ بینک نے ادا نہیں کئے جس کے باعث ایکسپورٹر شدید مشکلات کا شکارہیں ۔ گزشتہ روز پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ( پنجاب) کے چیئرمین ریاض اللہ خان ، گروپ لیڈر عاصم رضا ، میاں ریاض ،لیاقت علی خان اور سابق چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے صحا فیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جون 2016 ء سے اب تک جاری گندم اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کی مد میں ملنے والی ریبیٹ کے پیسے تا حال ایکسپورٹرز کو نہیں مل سکے ہیں ،ربیٹ کے پیسے دئیے جانے میں بلا جواز تاخیر پر وزیر اعظم نواز شریف فوری طور پر نوٹس لیں جبکہ فنڈ ز کو جاری ہوئے ڈھائی ماہ کا عرضہ گزر چکا ہے اس کے باوجود گندم کے ایکسپورٹرز کوربیٹ کے پیسوں کی ادائیگی میں تاخیر کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جون 2016 سے اب تک 10 لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کی جا چکی ہے جبکہ مذکورہ ایکسپورٹ کی مد میں ایک پائی بھی ادا نہیں کی گئی۔ دوسری جانب نئی فصل بھی سر پر آنے والی ہے لیکن وفاقی حکومت کے ایکسپورٹ پروگرام کو سٹیٹ بینک کے بعض افسران سبوتاژکر رہے ہیں۔