• news

بھارت سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کررہا ہے عالمی بنک تنازعات حل کرائے :نوازشریف

اسلام آباد (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈ بنک ثالثی عدالت کے قیام کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری آبی تنازع کے حل میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔ کشن گنگا ڈیم اور راتلے پاور پلانٹ کی تعمیر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، عالمی بنک معاہدے کا دستخط کنندہ ہے۔ تنازعہ کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی ورلڈ بنک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسٹا لینا آئی جارجیوا نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے غیر ملکی دورے پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان 1952 کے بعد سے ورلڈ بنک کے ساتھ شراکت داری کو مقدم سمجھتا ہے اور ملک کے سماجی، انفراسٹرکچر، پانی اور توانائی کے شعبوں میں بینک کی 31 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پالیسی کریڈٹ کیلئے ورلڈ بنک کی 2.5ارب ڈالر کی ادائیگی بھی قابل قدر ہے۔ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات جاری رکھے گا، ورلڈ بنک کی سی ای او سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری آبی تنازع کے حل پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی مغربی دریاؤں پر ڈیم کی تعمیر سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے کشن گنگا ڈیم اور راتلے پاور پلانٹ کی تعمیر معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کی سی ای او نے پاکستان کی توانائی، انفراسٹرکچر اور مجموعی معاشی استحکام کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ 'تربیلا ہائیڈرو پاور توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر وہ انفراسٹرکچر کو دیکھ کر متاثر ہوئیں'، 2011 میں ان کے گزشتہ دورے کے مقابلے میں پاکستان میں متعدد مثبت تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے صورتحال بہت بہتر ہے اور یہاں کی معاشی صورتحال بھی بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان نے معاشتی استحکام میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستان میں بہتری اور مثبت تبدیلیاں واضح طور پر نظر آرہی ہیں۔ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے درست جگہ ہے۔ موجودہ صورتحال وزیراعظم کی لیڈر شپ اور ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ بی بی سی کے مطابق ورلڈ بنک کی چیف ایگزیکٹو دورہ پاکستان کے بعد بھارت بھی جائیں گی جہاں وہ سندھ طاس معاہدہ کے معاملہ پر بھارتی حکام سے بات کرینگی۔ نواز شریف نے کہا کہ حکومت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پن بجلی کے منصوبوں اور چھوٹے اور درمیانے حجم کے ڈیموں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے، توانائی، انفراسٹرکچر اور سماجی تحفظ کے شعبہ میں وافر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، حکومت عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کیلئے اپنے بجٹ سے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن