ملک میں کرپشن کم ہو رہی ہے۔ قوم بازیگروں سے ہوشیار رہے صدر ممنون حسین
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر ہی بدعنوانی کے خلاف زیادہ شور مچاتے ہیں۔ خوشی ہے ملک میں کرپشن کم ہو رہی ہے۔ قوم بازیگروں سے ہوشیار رہے۔ صدر نے ایئر یونیورسٹی میں قومی معیشت کی ترقی میں تعلیم کے کردار کے موضوع پر خطاب میں کہا کہ بازیگر لوگ پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں اور بیرونی سرمایہ کاری سے خائف ہیں۔ اگرچہ ماضی میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا‘ لیکن اب پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے۔ بُرا وقت گزر گیا‘ ملک کی ترقی اور عروج کا زمانہ ہے۔ پاکستان میں کرپشن کی کمی اور معیشت کی بہتری کو عالمی اداروں نے سراہا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ آئندہ چند برسوں کے دوران پاکستان خطے کا اہم ملک بن جائے گا اور پاکستان کے روٹھے دوست حالات کو سمجھ کر جلد ہم سے آملیں گے۔ ہمیں اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھنا چاہئے۔ انسانی وسائل پر سرمایہ کاری پائیدار ترقی کی ضامن ہے۔ تعلم وہ واحد ذریعہ ہے جو انسان کا مستقبل حال سے بہتر بنا سکتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ معیشت سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں بدلتی ہوئی اقدار کا ساتھ دینے کیلئے طریقہ تعلیم میں بھی انقلابی تبدیلیاں متعارف کرائی جائیں اور تعلیم کو تحقیق کے ساتھ مربوط کرکے نوجوانوں کیلئے علم کے دروازے کھولے جائیں۔ صدر نے کہا کہ علم کے فروغ کیلئے مکالمے کی آزادانہ فضا قائم کرنی ضروری ہے کیونکہ آزاد مکالمے کے ذریعے ہی قوموں پر ترقی کا دروازہ کھل سکتا ہے۔ قومی وسائل کی کمی کی وجہ سے خواہش کے باوجود تعلیم پر زیادہ وسائل خرچ نہیں ہو پا رہے۔ تاہم حکومت تعلیمی شعبے پر تمام دستیاب وسائل خرچ کر رہی ہے تاکہ ملک میں افرادی قوت کی تیاری پر سرمایہ کاری کرکے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جا سکے۔ انسانی معاشرے کو کارآمد اور مفید بنانے کا واحد ذریعہ تعلیم جو قوموں کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرکے خودانحصاری کی منزل پر لاکھڑا کرتی ہے۔