• news

سی پیک معاشی منصوبہ ہے، زرداری نے شروع کیا تھا: مراد علی شاہ، سندھ اسمبلی اجلاس مقررہ وقت پر شروع کرنے کی ہدایت

کراچی (آن لائن) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ کوئی ایک سڑک یا فلائی اوور کا نام نہیں بلکہ سی پیک کا منصوبہ چین کے ساتھ ملکر گوادر بندرگاہ اور پورے ملک کو ملانے اور ملک بھر کے لے ایک معاشی منصوبہ ہے جسے پی پی کے پچھلے دور میں سابق صدر آصف علی زرداری نے شروع کیا تھا اور سندھ کے اندر اس منصوبے میں تھر کول کا منصوبہ، ونڈ انرجی پروجیکٹ،کراچی سرکولر ریلوے اور دیگر میگا پروجیکٹ شامل کیے گئے ہےں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکولر ریلوے کیلئے ہمیں فنڈزکے حصول کامسئلہ تھا اور آصف علی زرداری نے ہی وزیر اعظم نواز شریف کوکہا تھا کہ لاہور کی اورنج ٹرین جیسا منصوبہ کراچی میں بھی بنایا جائے اور اس کی فنڈنگ حاصل کرنے کیلئے ہم اس منصوبے کو سی پیک میں شامل کراوانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور کوشش ہے کہ اس سال اس منصوبے پر کام شروع ہوجائے ۔کیٹی بندر کا پروجیکٹ جو کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے تشکیل دیا تھا اور فنڈنگ کی کمی کے باعث اس پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکا تھا کو بھی دیگر میگا پروجیکٹس کے ساتھ سی پیک منصوبے میں شامل کیاگیا ہے ۔ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے 20 ویں کانووکیشن کے موقعے پر میڈیا سے باتیں کر رہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا مردم شماری کے لیے ملک کو بلاکس میں تقسیم کیاگیا ہیں اور ہر بلاک میں دو سو سے ڈھائی سو گھر شامل ہیں اور تین دن میں خانہ شماری کی جائے گی اور مردم شماری کے بعد آبادی بڑھنے کی وجہ سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں بھی بڑھیں گی ۔دریں اثناء کراچی وقائع نگار کے مطابق سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے پارلیمانی گروپ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سندھ اسمبلی کا اجلاس 10 بجے کے مقررہ وقت پر شروع ہو گا ۔ اجلاس کی کارروائی کافی عرصے سے مقررہ وقت کے بجائے کافی تاخیر سے شروع ہو رہی تھی ، جس کے نتیجے میں ایجنڈے میں شامل بہت سے معاملات زیر بحث آنے سے رہ جاتے تھے لیکن جس طرح آج اجلاس کی کارروائی صبح ساڑھے 10 بجے ہو گئی تھی ، اسی طرح آئندہ بھی اجلاس مقررہ وقت پر شروع ہو گا ۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ شہر میں حکومت سندھ کی جانب سے 22 بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ کراچی سرکلر ریلوے اور مختلف لائنز پر بھی دن اور رات کام جاری ہے ، جن میں گرین لائن ، ایدھی لائن اور دیگر لائنز شامل ہیں۔
مراد علی شاہ

ای پیپر-دی نیشن