• news

آرمی چیف نے منظوری دیدی،2 لاکھ فوجی مردم شماری میں معاونت کریں گے

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چھٹی مردم شماری اور خانہ شماری منعقدکرنے میں مدد کیلئے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، 2لاکھ جوان مردم شماری میں معاونت کریں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف عفور کے مطابق پاک فوج کے جوان ملک کے تمام علاقوں میں جہاں ضرورت ہوگی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ فوج ضرب عضب آپریشن اور کراچی آپریشن جیسی دوسری سکیورٹی ذمہ داریاں بھی اداکرتی رہے گی۔ واضح رہے کہ مردم شماری 15مارچ سے شروع ہو گی جو مرحلہ وار ہوگا۔ پاکستان میں آخری بار مردم اور خانہ شماری 1998 میں کی گئی تھی تاہم لمبے وقفے کے بعد سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے حکومت وقت کو مردم شماری کرنے کی ہدایت جاری کیں۔ آئین کے تحت ہر 10سال بعد مردم شماری ہونا ضروری ہے ، یہ مردم شماری 20سال بعد ہونے جارہی ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان کی آبادی اس وقت 20 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن