ملک کا مستقبل دھرنے، گالی گلوچ نہیں، قوم کو اتحاد کی طرف لے کر جانا ہے: نثار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ سول اور عسکری تعاون سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ ذاتی طور پر گواہ ہوں کہ ضرب عضب کی بنیاد جنرل ربانی نے رکھی۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا انٹرچینج منصوبہ سے پورے علاقے کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ ہمیں دلوں میں بھی انٹرچینج بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا مستقبل ایک دوسرے کو گالیاں دینا، دھرنا اور احتجاج نہیں۔ صحیح کام کرنا مشکل اور غلط کام کرنا آسان ہے۔ تمام مشکلات کے باوجود ملک میں اچھے لوگوں کی اکثریت ہے۔ ہم نے قوم کو اتحادواتفاق کی طرف لے کر جانا ہے۔ کرپشن کیخلاف نعرے سے عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان کا مستقبل دھرنے اور گالم گلوچ میں نہیں۔ جتنے روڈ بنیں گے عوام اور ملک کی بہتری ہو گی۔ ملک کے فیصلے چوراہوں پر نہیں عدالتوں میں ہوتے ہیں۔ ہمیں تلخی، محاذآرائی اور گالم گلوچ پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔ اس ملک کو کرپشن سے پاک کرنے میں کوئی سنجیدہ نہیں۔ بہت سے لوگ ناراض ہوں گے، یہ صرف نعرہ ہے جس میں لوگوں کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ چودھری نثار نے کہا ہمارے قول و فعل میں تضاد ہے۔ ہمارے ملک میں حلال اور حرام کی تمیز ختم ہو چکی ہے۔