سلو اوور ریٹ:آئی سی سی نے اظہر علی پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سلو اوور ریٹ کے سبب پاکستان کے کپتان اظہر علی پر ایک ون ڈے میچ کی پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ میچ فیس کا 40فیصد جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ایک روزہ میچ میں 57 رنز سے شکست سے دوچار ہو کر سیریز 4-1 سے گنوانے والی پاکستانی ٹیم سلو اوور ریٹ کی بھی مرتکب قرار پائی جس کے سبب اظہر علی پر 40 فیصد میچ کا فیس کا جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک میچ کی پابندی بھی عائد کردی گئی ہے جبکہ کھلاڑیوں پر 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔پاکستانی ٹیم وقت کے حساب سے ایڈیلیڈ میں دو اوورز پیچھے تھی اور میچ ریفری جیف کرو نے سلو اوور ریٹ پر جرمانے کے ساتھ ساتھ اظہر علی کی ایک میچ کی معطلی کا اعلان کیا۔