• news

::چین کے تعاون سے1500 ٹن وزنی بحری جہاز کی تیاری کا آغاز

کراچی (سٹاف رپورٹر) شپ یارڈ میں چین کے تعاون سے 1500 ٹن وزنی اور 95 میٹر لمبے بحری جہاز کی تیاری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین کے تعاون سے تیار ہونے والے جہاز کا وزن 1500 ٹن جبکہ اس کی لمبائی 95 میٹر ہے۔ بحری جہاز کو جدید اسلحے اور خود کار دفاعی سامان سے لیس کیا جائے گا، 26 نوٹیکل مائیل کی رفتار سے سفر کرنے والا میری ٹائم پٹرول وڈیزل جہاز کھلے پانیوں میں گشت، سکیورٹی آپریشن، ریسکیو اور سی پیک کی حفاظت پر مامور ہو گا۔ اس حوالے سے کراچی شپ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا اس لئے میری ٹائم سیکیورٹی کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت دفاعی پیداوار کے اخراجات پورے کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور نئی شپ یارڈ کا قیام بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ تاریخ ساز منصوبہ سدا بہار پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کے ساتھ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی پر پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے شپ یارڈ کی بہتر منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دوسرے پبلک سیکٹر اداروں کے لیئے ایک مثال ہے کہ یہ گزشتہ دس برسوں سے مسلسل منافع بخش ادارہ ہے۔ اس سے قبل شپ یارڈ کے ایم ڈی ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ ہلال امتیاز (ملٹری) ،نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی شپ یارڈ میں1500 ٹن ایم پی وی کے تعمیر وزارت برائے دفاعی پیداور اور چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی کے مابین 6 جہازوں کے تعمیری معاہدے کا حصہ ہے۔
بحری جہاز

ای پیپر-دی نیشن