• news

تین سال کے دوران پاکستانی معیشت میں نمایاں بہتری آئی : جلیل عباس جیلانی

واشنگٹن (اے پی پی) پاکستان کی معیشت میں گذشتہ تین سال کے دوران نمایاں بہتری آئی ہے۔ معیشت کی بحالی اور بجلی کی قلت پر قابو پانا وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت کی نمایاں کامیابیاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے ”پاکستان میں زراعت اور دیہی ترقی“ نامی کتاب کی تقریب رونمائی اور سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کتاب کے مصنفین ڈاکٹر سہیل جے ملک، ڈاکٹر ڈیوڈ سپیل مین، ڈاکٹر پال دوروش اور ڈاکٹر نزہت احمد ہیں۔ سفیر جلیل عباس جیلانی نے اس موقع پر کہا کہ زراعت خصوصاً دیہی معیشت میں بامعنی تبدیلی لا کر ہم پاکستانی معیشت کی تقدیر ٹھوس بنیادوں پر بدلنے کے خواب کو حقیقت بنا سکتے ہیں۔ کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنفین نے اس کتاب میں پاکستان میں زراعت کو درپیش چیلنجز کا ذکر کیا ہے اور دریائے سندھ کے آس پاس کے علاقوں میں آبپاشی اور پانی کے انتظام کو زیربحث لایا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنی سفارشات میں بجا طور پر یہ کہا ہے کہ دریائے سندھ کے پانی کو ذخیرہ کرنے پر سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ جب تک پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ نہیں ہوگا، پاکستان آبی جارحیت کے خطرات سے دوچار رہے گا۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کی موجودہ حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم جیسے بڑے منصوبے شروع کئے ہیں۔ تکمیل کے بعد یہ 7.4 ملین ایکڑ فٹ صلاحیت کے ساتھ ملک میں سب سے بڑا آبی ذخیرہ ہوگا جس سے 4500 میگاواٹ بجلی بھی پیدا ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ سی پیک منصوبے کے تحت سورج اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے میں بھی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
جلیل عباس

ای پیپر-دی نیشن