شام میں محفوظ علاقوں کا قیام روس نے ٹرمپ کی نئی تجویز مسترد کر دی
ماسکو (اے پی پی+ بی بی سی ڈاٹ کام) روس نے شام میں محفوظ علاقوں کے قیام سے متعلق امریکی صدر کی نئی تجویز کو مسترد کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر کے ترجمان دیمتری پسکوف نے کہا کہ امریکہ کو شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کے نتائج پر غور کر لینا چاہیے ، امریکہ نے شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کے منصوبے کے بارے میں روس سے کوئی صلاح و مشورہ نہیں کیا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال میں اعلان کیا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کے معاملے کو حل کرنے کے لیے شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں۔ سابق صدر بارک اوباما نے بھی شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کی بات کی تھی کہ جس کی روس نے شدید مخالفت کی تھی۔