مضرصحت کھانے کی اشیائ‘ گوجرانوالہ‘ قصور‘ فیصل آباد‘ ملتان‘ راولپنڈی میں چھاپے
لاہور(کامرس رپورٹر)صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں تیزی سے جاری ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص چکن سپلائی کے خلاف مہم کی دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مختلف شہروں میں ناقص چکن کی سپلائی کے خلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے گوجرانوالہ ، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی میں مجموعی طور پر 3120کلو ناقص چکن تلف کر دیا گیا۔فیصل آباد میں 2450کلو،گوجرانوالہ میں 140کلو ،راولپنڈی میں 380کلو جبکہ ملتان میں 450کلو مضر صحت مرغی کا گوشت ضائع کیا گیا۔ چیکنگ مہم کے دوران مجموعی طور پر 288چکن شاپس چیک کی گئی اورکون سسٹم کے عدم استعمال اورناقص صفائی پر212شاپس کو وارننگ نوٹس دیے گیے ۔ مزید کاورئیوں میں گلبرگ ٹاﺅن میں راجہ مارکیٹ میں واقع الخیر ہوٹل اور الخیر بابا نان شاپ‘ہانڈی ہوٹل کو جرمانہ کیا گیا۔ چوبرجی میں خان بابا ریسٹورنٹ ‘شالیمار ٹاﺅن میں دیسی مرغ یخنی، مدینہ جوس کارنر، حفیظ چکن شامی،کشمیری دال چاول، بسم اللہ پان شاپ ،عزیز پان شاپ اور بسم اللہ ٹی سٹال کو بہتری کے لیے احکامات جبکہ گھوڑے شاہ روڈ پر حسینی نان شاپ کو 2ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔واپڈا ٹاﺅن میں واقع اوسس واٹر پلانٹ کو بہتری کے احکامات جاری اور لائسنس بنوانے کے لیے نوٹس جاری کیا۔دریں اثناءقصور میں ملاوٹ مافیا اور ناقص اشیاءبیچنے والوں کیخلاف کارروائی کی۔ اس حوالے سے فیملی میگزین نے رپورٹ بھی شائع کی تھی جس پر نوٹس لیتے ہوئے قصور انتظامیہ نے خصوصی مہم شروع کردی ہے۔ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر آصف رضا نے دودھ، مچھلی فروشوں اور بیکریوں پر چھاپے مارے‘ ناقص صفائی پر جاوید فش کارنر کو 50ہزار، نیو شہباز بیکری کو 20 ہزار جرمانہ جبکہ متعدد دکانوں کو سیل کردیا گیا۔ واضح رہے سپریم کورٹ نے بھی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔