بہتر تجارتی پالیسیوں سے برآمدات میں 2 تا 4 گنا اضافہ ہوا: خرم دستگیر
لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر صنعت و تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان کی مجموعی ترقی کیلئے انتہائی موزوں رہا جس میں امن و امان بحا ل ہوا ،توانائی بحران پر قابو پایا گیا ،معاشی و اقتصادی اعشاریئے مثبت رہے ،سی پیک کے ذریعے پاکستان کا عالمی دنیا کے ساتھ جڑنے کے علاوہ متعدد چیلنجز کے باوجود جمہوریت مزید مستحکم ہوئی ،پاکستان کے ستر سال مکمل ہونے پر بین الاقوامی مہم شروع کی جائے گی جس میں دنیا کو بتایا جائیگا کہ پاکستان کے امیج میںہر لحاظ سے بہتری آئی ہے،وزیر اعظم کی جانب سے ایکسپورٹر ز کیلئے18 ارب روپے کے پیکیج کے ذریعے دنیا بھرمیں پاکستانی برآمدای حجم بڑھانے میں مدد ملے گی،آزاد تجارتی معاہدوں پر تنقید اور بحث ختم ہوجانی چاہئے کیونکہ سری لنکا ،ملائشیا،چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ معاہدوں کے نتیجہ میں ملکی برآمدات میں 2سے 4گنا اضافہ ہوا ہے،پاکستانی چمڑا دنیا بھر میں ملک کی پہچان ہے ،عالمی منڈی میں اپنی شناخت برقرار رکھنے کیلئے برآمد کنندگان لیدر مصنوعات پر میڈ ان پاکستان کی مہر ثبت کریں،اجتماعی مالی معاملات کی بہتری میں ایف بی آر نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے،وہ ہفتہ کے روز ایکسپو سینٹر میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام تیسرے’’ پاکستان میگا لیدر شو 2017ئ‘‘ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئر مین ایس ایم منیر ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل میاں ریاض احمد ،پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کے چیئر میں انجم ظفر ،پاکستان فٹ وئیر مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کے چیئر مین جاوید اقبال صدیقی،چیئر مین لیدرگارمنٹس عاطف اشرف ،صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل،ڈپٹی ایمبسڈر یورپی یونین اور وسیم زکریا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ آزاد تجارتی معاہدوں پر تنقید اور بحث ختم ہو نی چاہئے کیونکہ ابھی تک سری لنکا،ملائشیا،چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں کے نتیجہ میں ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے،آزاد تجارتی معاہدوں نے ہمیں دنیا کے ساتھ جوڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اوروفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی ریٹنگ بہتری کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجربرادری اپنی پالیسی ایشوز پر توجہ دے اور حکومت کو تجاویز فراہم کرنے کیساتھ ساتھ پاکستان میں تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ پاکستان کو گلوبل ویلیو چین کا حصہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں لیدر ایکسپورٹرز کو مزید مراعات دی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے لیدر ایسوسی ایشنز کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔