• news

دنیا تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے، ٹرمپ اور پیوٹن روکیں: گورباچوف

ماسکو (آن لائن) سوویت یونین کے سابق صدر میخائل گورباچوف نے خبردار کیا ہے کہ دنیا تیسری جنگ کے دہانے پر ہے، نیٹو اور روسی افواج آنکھوں میں آنکھیں ڈالے کھڑی ہیں، ٹرمپ اور پیوٹن مل کر عالمی جنگ کو روکیں۔ غیرملکی جریدے میں شائع مضمون میں میخائل گورباچوف لکھتے ہیں کہ دنیا مسائل میں گھری ہے، لیکن اِس میں اہم ترین مسئلہ سیاست میں عسکریت اور اسلحے کی نئی دوڑ ہے۔ ان کا کہنا تھا دنیا کو جنگ کے خوف سے نکالنا اہم ہے ، اْس کے بعد دیگر عالمی مسائل حل کرنا آسان ہو جائے گا۔انہوں نے لکھا حکومتوں کا بجٹ عوام کی ضروریات پوری نہیں کر پا رہا لیکن فوجی اخراجات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ، خطرناک ہتھیاروں کی خریداری آسان ہوگئی ہے، آج ایک آبدوز کے حملے میں آدھا براعظم تباہ کیا جاسکتا ہے۔گوربا چوف کے مطابق یورپ میں مزید فوج، ٹینک اور جدید ہتھیار آرہے ہیں۔ نیٹو اور روس کی فوجیں اتنے قریب ہیں جیسے پوائنٹ بلینک سے شوٹ کرنے کا ارادہ ہو۔ عسکری صلاحیتوں میں اضافے کے خواہش مند تیار بیٹھے ہیں اور یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔ میخائل گورباچوف نے خبردار کیا عالمی طاقتوں کے تعلقات بد سے بدتر ہورہے ہیں۔ ایٹمی حملے کاخطرہ حقیقی ہے۔ اس سلسلے میں سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے مشترکہ فیصلے کرنا ہونگے، ایٹمی ہتھیاروں میں کمی ہی نہیں، میزائل ڈیفنس اور سٹریٹجک صلاحیتوں میں بھی کمی لانا ہوگی۔ انہوں نے کہا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے سربراہ اجلاس بلا کر ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے خطرے کو روکا جائے۔ اس معاملے پرقراردادکیلئے ٹرمپ اور پیوٹن کو پہلا قدم اٹھانا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن