ہسپتالوں کے مکمل آڈٹ کا حکم، عوام ناکام سیاستدانوں کو ملک کی قسمت کھوٹی نہیں کرنے دیں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدار ت اجلاس میں بعض ہسپتالوں میں مریضوں کو غیرجسٹرڈ سٹنٹ ڈالنے کے واقعہ کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے غیر رجسٹرڈ سٹنٹ خریدنے اور مریضوں کو لگانے کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ سٹنٹ کے حوالے سے محکمے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ذمہ داریاں بطریق احسن ادا نہیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں کے مکمل آڈٹ کا حکم دیا اور رجسٹرڈ سٹنٹ خرید کر مریضوں کو لگانے پرملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملتان اور فیصل آباد میں رجسٹرڈ سٹنٹ خرید کر مریضوں کو لگائے جاسکتے ہیں تو پھر بعض ہسپتالوں میں غیر رجسٹرڈ سٹنٹ استعمال کرنے کی کیا وجہ ہے۔ بعض ہسپتالوں میں غیر رجسٹرڈ سٹنٹ کی خریداری اور استعمال انتہائی افسوسناک ہے۔ بنیادی معاملات کو حل کرنا متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے۔ انہو ںنے ہدایت کی محکمہ صحت کی استعدادکار بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ غیر رجسٹرڈ سٹنٹ کے حوالے سے موجود مافیا کا گٹھ جوڑ توڑیں گے۔موثر مانیٹرنگ نظام کے ہوتے ہوئے کوئی مافیا پنپ نہیں سکتا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سٹنٹ کے حوالے سے یکساں پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے اور ہسپتالوں میں مریضوں کو صرف رجسٹرڈ سٹنٹ ہی لگنا چاہیئے۔میو ہسپتال اور جناح ہسپتال کے کارڈیالوجی وارڈز میں سٹنٹ اور ڈسپوزایبل کی فراہمی کیلئے فارمیسیاں کھولی جائیں۔ شہباز شریف سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہقائداعظم کے پاکستان میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ بہادر پاک افواج نے دہشت گردی کے ناسور کو نکیل ڈال دی ہے۔ ایک طرف پاکستان آگے بڑھ رہا ہے تو دوسری طرف ناکام سیاستدان بے بنیاد الزامات کا ڈھول پیٹ رہے ہیں۔اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والے سابق حکمرانوں کا واویلا چور مچائے شور کے مترداف ہے۔ باشعور عوام ناکام سیاستدانوں کو ذاتی مفادات کی خاطر ملک کی قسمت کھوٹی نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ترکی کی وزارت صحت کے تعاون سے پنجاب ہیلتھ کیئر سسٹم میں اصلاحاتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ہیلتھ کیئر سسٹم کے اصلاحاتی پروگرام پر تیز رفتاری سے پیش رفت پر اتفاق ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ترکی کا ہیلتھ کیئر سسٹم بہترین نظام ہے جس سے مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ محمد شہباز شریف سے پاکستان میں افغانستان کے سفیر حضرت عمرزخیلوال نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔