ڈیرہ مراد جمالی: پولیس وین پر فائرنگ، سی آئی اے انچارج سمیت2 اہلکار جاں بحق
کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ مراد جمالی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق ایس ایچ او سٹی سمیت ایک اہلکار جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ سابق ایس ایچ او ڈیرہ مراد جمالی اور موجودہ سی آئی اے انچارج ڈیرہ اللہ یار ہدایت اللہ ڈیرہ اللہ یار سے واپس گھر آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ دو افراد دشمن علی اور نظام الدین شدید زخمی ہو گئے۔ کوہلو کے علاقے میں لیویز نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی۔ سڑک کنارے ساڑھے 6 کلو گرام دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا۔ علاوہ ازیں کالعدم تنظیم بی آر اے کے چھ شرپسندوں نے ہتھیار ڈال کر ملک سے وفاداری کا عہد کر لیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق بی آر اے کے اہم رکن لعل دین بگٹی نے قبائلی رہنما میر عطاء اللہ کلپر بگٹی اور ایف سی آفیسر کرنل اویس کے سامنے ہتھیار ڈال کر آئندہ ملک و قوم کے ترقی میں کردار اداکرنے کا عہد کیا۔ علاوہ ازیں جھل مگسی میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ سیف آباد کے قریب نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے احسان اور لطیف نامی شخص کو قتل کر دیا۔ لیویز کو دوران گشت ڈیرہ بگٹی کے علاقے لوپ سہرانی سے ایک نامعلوم شخص کی مسخ شدہ نعش ملی۔ علاوہ ازیں مستونگ کے علاقے میں حساس اداروں اور سکیورٹی اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایف سی نے سبی کے نواحی علاقے چھتر میں کارروائی کرکے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔