سرینا نے وینس کوہرا کرسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا
میلبورن (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سرینا ولیمز نے اپنی بہن وینس ولیمز کو مسلسل دو سیٹس میں شکست دے کر ساتویں بار آسٹریلین اوپن اور 23 واں گرینڈ سلام سنگلز ٹائٹل جیت لیا ہے۔ 35 سالہ سرینا نے وینس کو چھ چار، چھ چار سے شکست دے کر سٹیفی گراف کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سب سے زیادہ گرینڈ سلام سنگلز جیتنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ کے پاس ہے جنھوں نے 24 گرینڈسلام ٹائٹلز جیتے ہیں۔ میچ میں شکست کے بعد آسٹریلین اوپن کی تاریخ میں سب سے زیادہ عمر کی فائنلسٹ 36 سالہ وینس ولیمز نے اپنی بہن سے کہا کہ 'سرینا 23 واں ٹائٹل جیتنے کی مبارک ہو۔ انہوں نے مزید کہا 'میں ہمیشہ تمہارے ساتھ تھی اور چند میچوں میں تو تم نے مجھے شکست دی۔ یہ ایک شاندار جیت ہے۔ مجھے تم پر فخر ہے۔ وینس ولیمز نے آٹھ سال میں پہلی بار کسی اہم ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا ہے۔ سرینا نے اپنی بہن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا 'اگر وینس کا ساتھ نہ ہوتا تو میں 23 ویں ٹائٹل تک کسی صورت بھی نہیں پہنچ سکتی تھی۔ میں اس کے بغیر کچھ بھی نہیں کر سکتی تھی۔ میں اس سے بہت متاثر ہوں۔